ہلیال، 28؍اگست (ایس او نیوز)ضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے کے بیٹے اور کرناٹکا پردیش کمیٹی کے رکن پرشانت دیشپانڈے کے تعلق سے کچھ دنوں سے یہ افواہیں اڑ رہی تھیں کہ وہ کانگریس پارٹی کو الوواع کہنے والے ہیں۔دوسری طرف کانگریس ایم ایل اے ستیش سائیل کے بارے میں بھی یہ افواہ عام ہوگئی تھی کہ وہ کانگریس چھوڑکر بی جے پی میں شامل ہونے والے ہیں۔
مگر خود پرشانت نے ان افواہوں کو غلط ٹھہراتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی چھوڑکر کہیں بھی جانے والے نہیں ہیں اور آئندہ اسمبلی الیکشن میں بھی وہ کانگریس کے لئے کام کریں گے۔پرشانت کا کہناتھا کہ ریاست میں کانگریسی حکومت نے عام آدمی کے فلاح و بہبود اوراس کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے قابل قدر کام کیا ہے۔اس لئے سونیا گاندھی جیسی کانگریس کی مرکزی قیادت کی رہنمائی میں ریاستی کانگریس آئندہ انتخابات میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیاب ہوگی۔اس لئے وہ پوری طرح کانگریس کی سرگرمیوں میں منہمک ہیں۔
اسی طرح ستیش سائیل کے قریبی ذرائع نے بھی اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ ستیش سائیل کبھی بھی بی جے پی میں شامل ہونے والے نہیں ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ستیش سائیل حال ہی میں آئی ٹی چھاپوں کا شکار ہوئے وزیر ڈی کے شیوکمار کے خاص حامیوں میں سے ہیں ۔ اس لئے وہ کانگریس چھوڑنے والے نہیں ، بلکہ آئندہ انتخابات میں کانگریس ہی کے ٹکٹ پر کاروار انکولہ حلقے سے انتخابات میں حصہ لینے والے ہیں۔